Metro53 - پشاور( ویب ڈیسک )خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہو گا،نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے 4 امیدوار میدان میں ہیں، پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے جبکہ جے یو آئی ایف نے مولانا لطف الرحمان کو وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے سردار شاہ جہاں یوسف جبکہ ارباب زرک خان پیپلزپارٹی کی طرف سے وزارت اعلیٰ کے نامزد امید وار ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں کل ارکان کی تعداد 145 ہے جس میں سے حکومتی ارکان کی تعداد 93 اور اپوزیشن کے 52 ارکان ہیں۔
قائد ایوان منتخب ہونے کے لیے 73 ووٹ درکار ہوں گے، اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مشترکہ امید وار لانے کے لیے مشاورت جاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں سے حلف لے لیے ہیں اور گزشتہ روز صدر پی ٹی آئی کے پی جنید اکبر نے واضح طور پر کہا تھا کہ جو بھی بانی پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سے غداری کرے گا صوبے کی عوام اس کا گھر سے نکلنا مشکل بنا دے گی اور اس پر زمین تنگ کر دی جائے گی۔
یہ بات بھی یاد رہے کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ مختلف دستخط کا اعتراض لگا کر واپس بھیج دیا ہے اور انہیں ذاتی حیثیت میں 15 اکتوبر کر گورنر ہاؤس طلب کر لیا ہے۔