گجرات : پولیس مقابلہ میں کانسٹیبل عاصم نواز فائرنگ سے زخمی،اسپتال منتقل

گجرات : پولیس مقابلہ میں کانسٹیبل عاصم نواز فائرنگ سے زخمی،اسپتال منتقل
Metro53

Metro53 - گجرات ( ویب ڈیسک )گجرات کے تھانہ رحمانیہ کی حدود میں پولیس اور مشکوک موٹر سائیکل سواروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل عاصم نواز زخمی ہو گئے۔

 نیوز الرٹ کےمطابق،  پولیس اہلکار علی حسین، وقاص اور عاصم نواز معمول کے یوسی گشت پر مامور تھے کہ جی ٹی روڈ پر چوہدری ہوٹل کے قریب انہوں نے دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔ ابتدائی پوچھ گچھ پر ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر کانسٹیبل عاصم نواز نے ایک شخص کو قابو میں لیا، تاہم دوسرے ملزم نے اچانک پستول نکال کر فائرنگ کر دی، جس سے عاصم نواز زخمی ہو گئے۔

فائرنگ کے بعد ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ڈی پی او رانا عمر فاروق نے ہسپتال پہنچ کر زخمی کانسٹیبل کی عیادت کی اور فرض شناسی اور بہادری پر اسے خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں