Metro53 - جہلم ( ویب ڈیسک )ایف آئی اے نے سیالکوٹ ائرپورٹ پر جعلی یونان ریزیڈنٹ کارڈ پیش کرنے والے جہلم کے مسافر کو آف لوڈ کیا، قانونی کارروائی شروع۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافر کی شناخت عمر فاروق کے نام سے ہوئی، جو فلائٹ نمبر G9553 کے ذریعے یونان جا رہا تھا۔ مسافر کے پیش کردہ یونان ریزیڈنٹ کارڈ کی جانچ کے دوران اسے جعلی قرار دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ مسافر نے دینہ کے رہائشی ایجنٹ سے یہ کارڈ حاصل کیا، جس کے عوض ایجنٹ نے 13 لاکھ روپے وصول کیے۔ مسافر کو ایجنٹ کی نشاندہی اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے نہ کریں اور ویزا یا ریزیڈنسی کارڈ کے حصول کے لیے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی یا سفارتخانے سے رابطہ کریں۔