Metro53 - گجرات (ویب ڈیسک )گجرات میں ضلعی انتظامیہ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے واضح اور دوٹوک احکامات کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے شہریوں کی صحت اور ماحولیات کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ شہر کے مختلف چوک چوراہوں اور گنجان آباد علاقوں میں کوڑا کرکٹ کو اٹھانے کے بجائے کھلے عام جلایا جا رہا ہے، جس کے باعث فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
کوڑا جلانے کے مناظر پر مشتمل ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، جن میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ عوامی مقامات پر دھڑلے سے کچرا نذرِ آتش کیا جا رہا ہے۔ ان ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد شہریوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق کوڑا جلانے سے خارج ہونے والا زہریلا دھواں سانس، آنکھوں، جلد اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سمیت کینسر جیسے موذی امراض کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ بچے، بزرگ اور مریض افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نہ تو کوئی مؤثر کارروائی کی جا رہی ہے اور نہ ہی متبادل انتظامات نظر آ رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے صفائی، ماحولیاتی تحفظ اور کوڑا کرکٹ کو جلانے پر مکمل پابندی کے احکامات موجود ہیں، مگر گجرات میں ان احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین بدانتظامی کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور شہر میں کوڑا اٹھانے کا مؤثر اور محفوظ نظام نافذ کیا جائے۔
شہری حلقوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے گجرات کی ضلعی انتظامیہ کو جوابدہ بنائیں تاکہ عوام کو ماحولیاتی آلودگی اور جان لیوا بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔