Metro53 - واٹس ایپ نے بالآخر اسٹیٹس اور پروموٹیڈ چینلز میں اشتہارات دکھانے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ بیٹا صارفین کے لیے نئی اپڈیٹ متعارف، ذاتی چیٹس بدستور اشتہار فری رہیں گی۔
کیلیفورنیا، مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں بالآخر اشتہارات دکھانے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس فیچر کو اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں محدود صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
میٹا کی ملکیت واٹس ایپ نے جون 2025 میں اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی اپنی ایپ پر اشتہارات دکھانے کی شروعات کرے گا، اور اب یہ وعدہ حقیقت میں بدل گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، اشتہارات "اسٹیٹس اپڈیٹس” اور "پروموٹیڈ چینلز” میں دکھائے جا رہے ہیں۔ صارفین کو انسٹاگرام اسٹوریز کی طرز پر اسٹیٹس دیکھتے ہوئے اسپانسرڈ پوسٹس کا سامنا ہو گا۔
ٹیک ویب سائٹ WaBetaInfo کے مطابق، فی الحال یہ فیچر صرف مخصوص بیٹا صارفین کو دستیاب ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی مرحلہ وار اس نظام کو عام کرے گی۔
واٹس ایپ نے وعدہ کیا ہے کہ ذاتی چیٹس، گروپ چیٹس، کالز اور میسجز میں اشتہارات شامل نہیں کیے جائیں گے۔
میٹا کی پالیسی کے مطابق، اشتہارات صارف کے مقام، زبان اور فالو کیے گئے چینلز کو مدنظر رکھ کر دکھائے جائیں گے۔ تاہم، صارفین کا نجی ڈیٹا جیسے فون نمبر، چیٹ مواد اور گروپس، اشتہارات کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
واٹس ایپ میں 3 نئے اشتہاری فارمیٹس متعارف کرائے گئے ہیں:
- اسٹیٹس اپڈیٹس میں اشتہارات
- پروموٹیڈ چینلز
- چینل سبسکرپشن پروموشنز
خیال رہے کہ فیس بک (موجودہ میٹا) نے واٹس ایپ کو 2014 میں 19 ارب ڈالرز میں خریدا تھا، اور اب 11 سال بعد اسے ریونیو جنریٹنگ پلیٹ فارم بنانے کی سمت میں بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔
یہ اپڈیٹ میٹا کے کاروباری ماڈل میں تبدیلی کی عکاسی کرتی ہے اور صارفین کے لیے واٹس ایپ کے تجربے میں ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔