کرکٹ کو سیاست کی نذر نہ کریں، اس سے مسائل مزید بڑھیں گے: شاہد آفریدی کا بھارتی انکار پر ردعمل

Metro53

ہمیں فالو کریں

Metro53 - ورلڈ چیمپئنز شپ آف لیجنڈز ( ڈبلیو سی ایل) میں آج ہونے والا پاکستان اور بھارت کا میچ منسوخ ہونے پر شاہد آفریدی کا رد عمل سامنے آگیا۔

پاکستانی کرکٹر  شاہد آفریدی نے میڈیا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کو سیاست کی نذر نہیں کرنی چاہیے، ہم نے پہلے بھی اپنے تعلقات کرکٹ کے ذریعے بہتر کیے، اسپورٹس ڈپلومیسی سے بہترین چیز کوئی نہیں ہے، یہ آپ کو قریب لاتی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ جب تک ساتھ نہیں بیٹھیں گے، بات نہیں کریں گے تو مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اس سے مسائل مزید بڑھیں گے، ہر چیز میں سیاست لے کر آؤ گے تو پھر اس کا حل کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ  برمنگھم میں کھیلنے آئے تھے اور بھارت کے خلاف میچ سے قبل بھر پور پریکٹس بھی کی لیکن اگر  بھارت کو نہیں کھیلنا تھا تو پہلے ہی بتادیتے۔

شاہد آفریدی نے بتایا کہ پوری پاکستانی ٹیم چاہتی تھی کہ وہ بھارت سے میچ کھیلے، مل بیٹھے اور گپ شپ لگائیں، جو قوم کچھ کرنا چاہتی ہے تو آگے بڑھتی ہے،  وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر نہیں لڑتی۔

ان کا کہنا تھاکہ کسی کو بھی اپنے ملک کے لیے شرمندگی کا باعث نہیں بننا چاہیے،  بھارتی ٹیم بھی کھیلنے آئی تھی لیکن ایک بندے کی وجہ سے ٹیم کافی مایوس ہوئی ہے، ایک آدھ انڈا خراب ہوتا ہے جس کی وجہ سے سب خراب ہوجاتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے بھارت کو پیغام دیاکہ سب سے پہلے اسپورٹس ہے، اسپورٹس سے بڑھ کر کچھ نہیں، کسی کو اگر مجھ سے مسئلہ تھا تو  میں اسٹیڈیم میں ہی نہیں آتا لیکن میچ ہونا چاہیے تھا۔

یاد رہے کہ  پاکستان اور بھارت نے  آج اتوار کے روز برمنگھم میں آمنے سامنے ہونا تھا، ٹورنامنٹ کے منتظمین کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلے جانے والے میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق پہلے یہ مطالبہ کیا گیا کہ شاہد آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ نہ بنایا جائے، بھارتی کرکٹر شیکھر دھون، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان اور ہربجھن سنگھ نے میچ کھیلنے کی مخالفت کی۔

بھارتی میڈیا میں بھی واویلا کیا گیا کہ آخر یہ میچ کھیلنے کی ضرورت کیا ہے، پریشر بڑھنے کے بعد منتظمین نے میچ منسوخ کرنے کو ہی مناسب سمجھا۔

واضح رہے کہ ورلڈ چیمپئنز آف لیجنڈز کے پہلے میچ میں محمد حفیظ کی کپتانی میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ کے باقی میچز شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے۔

شیئر کریں

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

ہمیں فالو کریں