Metro53 - پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے پیرو کے نولبرٹو سولانو کو پاکستان کی قومی اور انڈر 23 فٹبال ٹیم کا کوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں پیرو کی کوچنگ کرنے والے نولبرٹو سولانو پاکستان ٹیم کے کوچ ہوں گے جبکہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے جیورج کاسٹانیئرا کو فٹبال ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ ہونگے۔
پی ایف ایف ایگزیکٹو کمیٹی نے قومی ٹیم کے کوچ اور اسسٹنٹ کوچ کی منظوری دی، پی ایف ایف ایکس۔کو میں 13 میں سے 7 اراکین نے تقرری کی منظوری دی، چھ اراکین نے اس کی مخالفت کی تاہم اکثریتی منظوری کے بعد دونوں کوچز کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا۔
نولبرٹو سولانو اور جیورج کاسٹانیئرا کی تقرری ایک سال کیلئے کی جا رہی ہے، دونوں کوچز پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم اور انڈر 23 فٹبال ٹیم جوائن کرنے پر راضی ہوچکے ہیں اور پاکستان فٹبال فیڈریشن ان دونوں کوچز کے ساتھ رواں ہفتے معاہدہ سائن کرلے گی۔
نولبرٹو سولانو 2018 کے فیفا ورلڈ کپ میں پیرو فٹبال ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ تھے۔ 2022 ورلڈ کپ کوالیفائرز میں بھی نولبرٹو نے پیرو کی ٹیم کی کوچنگ کی تھی، اس کے علاوہ وہ متعدد کلبز کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔ ساتھ ساتھ تین سو سے زائد پروفیشنل فٹبال میچز کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔
48 سالہ نولبرٹو سولانو فیفا پرو لائسنس کوچ ہیں۔ اسسٹنٹ کوچ جیورج کاسٹانیئرا ونیزویلا کی نیشنل ٹیم اور متعدد کلبز کے ساتھ کام کرچکے ہیں، انہوں نے متعدد فٹبال کلبز کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ فٹبال پر کتابیں بھی لکھی ہیں۔